شاہ نواز
ریاسی//ضلع ریاسی کے سب ڈویژن مہور و درماڑی کے بالائی پہاڑی علاقوں میں ہفتہ کی صبح تیز آندھی و موسلادھار بارش نے شدید تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں ایک بزرگ خاتون جاں بحق ہو گئی، درجن کے قریب مویشی ہلاک ہوئے، جبکہ فصلوں، میوہ جات اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔سب ڈویژن مہور کے علاقہ گلاب گڑھ کے کھوڑ گائوں کی 65 سالہ زینہ بیگم زوجہ غلام محمد دوران بارش پاؤں پھسلنے سے ایک گہرے نالے میں گر گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔ مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور زخمی خاتون کو نالے سے باہر نکالا، لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گئی۔اسی علاقے کے اڑی تل گائوں میں تیز آندھی کے دوران ایک بڑا درخت گر گیا، جس سے ایک غریب خاندان کے قریب ایک درجن بھیڑیں اور ایک گھوڑا ہلاک ہو گیا۔ مویشیوں کی ہلاکت سے متاثرہ خاندان کو سخت مالی نقصان کا سامنا ہے۔تیز آندھی اور موسلادھار بارش سے مہور، گلاب گڑھ، چسانہ، درماڑی، تھروں و دیگر علاقوں میں کھڑی فصلوں اور میوہ جات کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔ دیول علاقے کے سابق سرپنچ بشیر احمد نے بتایا کہ بارش اور آندھی نے دیول میں کسانوں کی فصلیں تباہ کر دیں، جس سے غریب لوگ بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔بشیر احمد و دیگر مقامی باشندگان نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرہ لوگوں کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدرتی آفت غریب طبقے کے لئے دو وقت کی روٹی کا بحران بن چکی ہے۔آندھی سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے، کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہے، اور لوگ سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر ریسکیو و بحالی کے اقدامات کرے، متاثرین کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ مویشی و زرعی نقصان کا ازالہ کیا جائے۔