عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/منشیات کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے پولیس نے اودھم پور میں ایک کٹر منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن اودھم پور کی ایک ٹیم نے کلرہ کالج کے نزدیک معمول کی گشت اور گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک مشکوک شخص کو دھر لیا جس نے پولیس کو دیکھ کر چھپنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے5.78 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی موقع پر ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔گرفتار شدہ شخص کی شناخت سنیل کمار ولد کالی داس ساکن ساتامی نزدیک ائیر فورسز اسٹیشن اودھم پور کے طور پر کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن اودھم پور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ملزم سڑک حادثے کے ایک مقدمے میں بھی ملوث ہے۔
اودھم پور میں منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد:پولیس
