عظمیٰ نیوزسروس
جموں// مرکزی وزیر برائے زراعت، بہبود کساناں اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے ضلع جموں کی تحصیل آر ایس پورہ کے گاؤں لنگریال میں’ وِکست کرشی سنکلپ ابھیان‘ کا اِفتتاح کیا۔یہ 15روزہ قومی پروگرام جو 29؍مئی سے 12؍جون 2025ء تک جاری رہے گا جس کو شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی جموںکے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے اور خریف مہم کا ایک اہم حصہ ہے۔اِس موقعہ پر شیوراج سنگھ چوہان نے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں، ماہرین اور زراعت سے وابستہ تمام متعلقہ شراکت داروںسے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اِس مہم میں شرکت کریں تاکہ اس کے فوائد حاصل کئے جا سکیں۔ اُنہوں نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ تحقیق کے نتائج کو فوری طور پر کھیتوں تک منتقل کریں تاکہ کسان جدید ٹیکنالوجی سے براہ راست فائدہ اُٹھا سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ’ وِکست کرشی سنکلپ ابھیان‘ کا مقصد ہندوستانی زراعت کو فائدہ مند بنانا، غذائی تحفظ کو یقینی بنانا، اور اناج، دالیں، تیل کے بیجوں، پھل، سبزیاں، دودھ اور انڈوں کی پیداوار میں اِضافہ کرنا ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ زراعت ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسانوں کی بہبود کے لئے مسلسل کوششیں ضروری ہیں۔مرکزی وزیر موصوف نے کہا کہ یہ مہم وزیراعظم نریندر مودی کے ’لیب ٹو لینڈ‘ کے ویژن کو حقیقت میں بدلنے کی ایک کوشش ہے، اور ’وِکست بھارت۔ 2047‘ کے خواب کو پورا کرنے میں اہم کردار اَدا کرے گی۔ڈاکٹر جتندر سنگھ، وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیاتی علوم، وزیراعظم دفتر، اور دیگر محکموں نے کہا کہ یہ مہم کسانوں، نوجوانوں اور محروم طبقات کے نام وقف ہے۔ انہوں نے زرعی پیداوار بڑھانے اور اشیاء کی شیلف لائف میں اضافے کے لیے نیوکلیئر اور بایوٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیرمملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی، اَرتھ سائنسز، وزیراعظم کے دفتر پرسنل ، پبلک گریوینس اور پنشن ، محکمہ اٹامک اَنرجی اور محکمہ خلائی ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ یہ مہم کسانوں، نوجوانوں اور محروم طبقات کے نام وقف ہے۔ اُنہوں نے زرعی پیداوار بڑھانے اور اشیأ کی شیلف لائف میں اضافے کے لئے نیوکلیئر اور بائیوٹیکنالوجی کے اِستعمال کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے زرعی سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کی اور نوجوانوں کو ’’ایگری پرینیورز‘‘ بننے کی ترغیب دی۔ اُنہوں نے زعفران مشن کی توسیع اور میگھدوت، ایم ۔کساناور کسان سوویدھا جیسے موبائل ایپلی کیشنز کے اِستعمال کی سفارش کی۔ ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما نے جموں کے سرحدی گائوں میں ’وِکست کرشی سنکلپ ابھیان ‘ شروع کرنے مرکزی وزیر کا شکریہ اَدا کیا جبکہ وزیر برائے زراعت جموںوکشمیر جاوید احمد ڈار نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ ’جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈِی پی) ‘اورآئی ایف اے ڈِی کی سکیموں سے فائدہ اُٹھائیں۔رُکن قانون ساز اسمبلی جموں سائوتھ ڈاکٹر نریندر سنگھ رینہ نے بارڈر علاقوں کے بے گھر لوگوں کو زمین کے حقوق دینے کی درخواست کی تاکہ وہ بھی مرکزی سکیموں کے فوائد حاصل کر سکیں۔وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر بی این تر ی پاٹھی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور یونیورسٹی کی کامیابیوں کا خاکہ پیش کیا۔ اِس موقعہ پر کئی اہم شخصیات، سائنسدان، طلبأ، محکمہ جاتی اَفسران اور بڑی تعداد میں کسان موجود تھے۔پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر سچن گپتا اور ڈاکٹر وویک ایم آریہ نے اَنجام دی جبکہ شکریہ کی تحریک ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ایگری کلچرل ایکسٹینشن)آئی سی اے آر ڈاکٹر راج بیر سنگھ نے پیش کیا۔