سمت بھارگو
راجوری//چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اوپندر دویدی نے آپریشن سندور میں فوجی جوانوں کی مثالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات افواج کو سیکورٹی صورتحال میں مسلسل ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر ہمہ وقت چوکنا، متحرک اور آپریشنل طور پر تیار رہنا ہوگا۔جنرل دویدی نے یہ بات سنجوانی سیکٹر میں ایل او سی پر تعینات افواج کے ساتھ بات چیت کے دوران کہی۔ یہ سیکٹر راجوری کے سنجوانی اور جموں کے اکھنور علاقوں پر محیط ہے۔فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے جموں و کشمیر کے سنجوانی سیکٹر میں اگلے مورچوں اور علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونٹس اور فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران فارمیشن کمانڈرز نے جنرل دویدی کو موجودہ سیکورٹی صورتحال اور ایل او سی پر آپریشنل حرکیات سے متعلق بریفنگ دی۔فوج کے مطابق، جنرل دویدی نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور عزم کی تعریف کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے زور دیا کہ موجودہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی حالات میں افواج کو نہ صرف مستعد بلکہ ادارہ جاتی طور پر مضبوط اور ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے۔