عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کمشنر امداد و باز آباد کاری ڈاکٹر اروند کاروانی نے جمعرات کو کھیر بھوانی میلہ کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا جائزہ لیا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ کھیر بھوانی میلہ 3 جون کو جیشٹھ اشتھمی کے موقع پر منعقد کیا جائے گا۔اس سلسلے میں یاترا یکم جون کو صبح 6بجے جموں سے روانہ ہوگی۔ را م بن میں مختصر قیام کے بعد یاترا مختلف مقامات جیسے تولہ مولہ (گاندربل)، ٹکر (کپوارہ)، دیو سر (کولگام)، منزگام (کولگام) اور لوگری پورہ (اننت ناگ) کے لئے آگے بڑھے گی اور دوپہر تک منزل پر پہنچے گی۔ریلیف آرگنائزیشن معمول کے مطابق جموں سے عقیدتمندوں کی ٹرانسپورٹیشن سہولت فراہم کرے گی۔ڈاکٹراَروند کاروانی نے گاندربل، کولگام، اننت ناگ اور کپوارہ کے متعلقہ ضلع انتظامیہ، مندر پر بندھک کمیٹی کے اراکین اور عقیدت مندوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے رہائش، صفائی،ٹرانسپورٹیشن، سیکورٹی اور بنیادی سہولیات سے متعلق اِنتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے شمالی، جنوبی اور وسطی کشمیر میں پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے زیر تعمیرٹرانزٹ رہائش گاہوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وادی میں مختلف مقامات پر رہائش پذیر پی ایم پیکیج ملازمین سے بات چیت کی اور ملازمین نے کوارٹروں کی الاٹمنٹ، بنیادی سہولیات اور بچوں کی تعلیم سے متعلق اَپنی ضروریات سے انہیں آگاہ کیا۔کمشنر موصوف نے ملازمین کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائز مسائل کو مرحلہ وار طریقے سے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے انجینئروں کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور رہائش گاہوں کی جلد تکمیل کی جائے تاکہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ معیار کے مطابق اہل ملازمین کو کوارٹرز جلد از جلد فراہم کئے جا سکیں۔