صنعتی اور تاجر نمائندوں کافوری ریلیف کا مطالبہ
سرینگر//جموں و کشمیر کا مائیکرو اور سمال انڈسٹریل سیکٹر پرعزم حکومتی مراعات کی طویل عرصے تک عدم تقسیم کی وجہ سے شدید مالی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت زیر التواء دعوے بار بار کی یقین دہانیوں کے باوجود حل نہ ہونے کی وجہ سے پورے خطے میں صنعتی یونٹس مالی دباؤ کا شکار ہیں۔جموں و کشمیر کا موجودہ مائیکرو/ سمال انڈسٹریل سیکٹر ان کے تئیں حکومت کے نظر اندازی کے رویے کی وجہ سے فنڈز سے محروم ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعطل کے بعد کے موجودہ منظر نامے میں، صنعت کاروں کو مزدوروں کی نقل مکانی، نقل و حمل کی کمی کی وجہ سے اپنے یونٹس کو برقرار رکھنے میں اہم چیلنجوں کا سامنا ہے۔ حکومت کے پاس زیر التواء دعوے ہونے کے باوجود وہ اپنے یونٹوں کو فعال رکھنے کے لیے مالیاتی اداروں اور نجی فنانسرز سے اضافی مالی امداد لینے پر مجبور ہیں۔صدر وریندر جین کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں جس میں الائس آف انڈسٹریز کے تمام عہدیداروں کے ساتھ موجود اراکین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، حکومت پر زور دیا کہ وہ زیر التواء دعووں کے تصفیہ میں تیزی لائے اور صنعتی یونٹ ہولڈروں کو درپیش مالی دباؤ کو دور کرنے کے لیے ضروری تعاون فراہم کرے تاکہ وہ پیداوار اور ترقی پر توجہ مرکوز کرسکیں۔صنعت نے ٹرن اوور انسینٹیو اسکیم کے تحت فنڈز جاری کرنے میں تاخیر، ایس جی ایس ٹی کی ادائیگی، اور 2012 کے خصوصی مرکزی پیکیج-II کے حصے کے طور پر حکومت کی طرف سے اعلان کردہ 3فیصد سود پر سبسڈی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ادھرکشمیر ٹریڈ الائنس نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ خطے میں جاری معاشی جمود کے پیش نظر ایک جامع اقتصادی بحالی پیکج کا اعلان کرے، اور بینکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قرض داروں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کریں۔الاینس کے صدر اعجاز شہدار نے کہا کہ اس وقت بازار مکمل طور پر جمود کا شکار ہیں اور تجارتی سرگرمیاں تقریباً معطل ہو چکی ہیں۔الاینس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک ایسا بحالی پیکج متعارف کرے جس میں متاثرہ کاروباری طبقے کے لیے آسان شرائط پر قرضے، سود میں سبسڈی (انٹرسٹ سبوینشن)، میونسپل ٹیکسوں کی معطلی اور خاص طور پر جموں و کشمیر بینک کی طرف سے قرض داروں کے ساتھ نرمی شامل ہو۔