عاصف بٹ
کشتواڑ//سوموار کی صبح کشتواڑ ضلع کے سنگرام بھاٹہ علاقے میں جانوروں پر ظلم کا ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیاجہاں نامعلوم افراد نے کلہاڑی سے وحشیانہ طور حملہ کرکے کم از کم تین سے چارگھوڑوںکو شدید زخمی کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو ،جس میں ایک گھوڑے کی پیٹھ میں کلہاڑی لگی ہوئی ہے ،سے پورے خطے میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ۔ حملے کے فوراً بعد ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں مجرم کو دیکھا نہیں گیا بلکہ جانوروں پر لگنے والے خوفناک زخموں کو صاف طور پر دیکھا گیا ۔مقامی باشندوں کے مطابق حملہ آور ویڈیو بننے سے پہلے ہی موقع سے فرار ہوگیا۔ڈپٹی کمشنر کشتواڑ راجیش کمار شاون نے تصدیق کی کہ حکام معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ظالمانہ کارروائی ناقابل قبول ہے، ہم پولیس کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں تاکہ ملوث افراد کی شناخت کی جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سخت قانونی کارروائی ہو۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ ملنے پر ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر ،ایس ایچ او کشتواڑ و فارنسک سائنس لیبارٹری کی ایک ٹیم نے تفصیلی تحقیقات شروع کرنے کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ۔ عینی شاہدین کے بیانات اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور زخمی جانوروں کومحکمہ ویٹرنری سے علاج کرایاگیا جب کہ وجہ ابھی تک واضح نہیں ہوپائی ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق جانور زرعی کھیتوں میں داخل ہوئے ہوں گے جو ممکنہ طور پر حملے کا سبب بن سکتے ہیں ۔