عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے جموں وکشمیراسٹارٹ اپ پالیسی 2024-27ء کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے کل یہاں سول سیکرٹریٹ سری نگر میں جموں و کشمیر اَنٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (جے کے اِی ڈِی آئی) کی ایک اعلی سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔نائب وزیراعلیٰ کو جے کے اِی ڈِی آئی کی طرف سے مختلف قومی و ریاستی اِداروں کے ساتھ دستخط شدہ مفاہمتی ناموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیاجو رہنمائی اور علم کے تبادلے کو فروغ دینے کے لئے کی گئی ہیں۔اِس موقعہ پر نائب وزیرا علیٰ نے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ قومی اور بین الاقوامی اِداروں کے ساتھ تعاون شروع کریں تاکہ جموں و کشمیر میں سٹارٹ اپس کی رہنمائی اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے سکولوں اور کالجوں میں نچلی سطح پر بیداری پروگراموں کے اِنعقاد کی ہدایت دی جن میں آئیڈیا چیلنجوں، بزنس پلان کی تیاری کے کیمپ، سمیناروںاور ورکشاپس شامل ہوں تاکہ نوجوان کاروباری اَفراد کو اَپنے خیالات کو واضح کرنے اور انہیں قابلِ عمل بزنس ماڈلوں میں بہتر بنایا جاسکے۔نائب وزیر اعلیٰ نے نوجوان کاروباریوں کی مدد کے لئے ایک اہم قدم کے طور پر ہدایت دی کہ جے کے اِی ڈِی آئی کے پانپور اور بڑی براہمنا کیمپوں میں کام کرنے کی جگہیں اہل سٹارٹ اپس کے لئے دستیاب کی جائیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے پالیسی کی مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے جموں و کشمیر سٹارٹ اَپ پالیسی کے عملی رہنما اَصولوں اور فنڈنگ کے طریقۂ کار کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ جموںوکشمیر کے نوجوان اس سے بھرپور فائدہ اُٹھا سکیں۔ اِن اقدامات کا مقصد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بااِختیار بنانا اور جموںوکشمیرکے معاشی منظر نامے کو مضبوط بنانا ہے۔