عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// خوراک، شہری سپلائی اور امور صارفین، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے وزیر ستیش شرما نے کل ٹریڈرس فیڈریشن پلوامہ کے ایک وفد کے ساتھ ضلع کے بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی سرگرمیوں کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔وفد کی قیادت اراکین اسمبلی غلام محی الدین میر، شوکت گنائی، تاجر اور سول سوسائٹی کے اراکین نے کی۔ فیڈریشن نے پرانے جنرل بس اسٹینڈ پلوامہ کے احیاء کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ علاقہ غیر قانونی تجاوزات اور منشیات کے استعمال کا گڑھ بن گیا ہے، جس سے عوام کی حفاظت کے خدشات پیدا ہو رہے ہیں اور مقامی کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔فیڈریشن نے پلوامہ سپورٹس اسٹیڈیم کو جدید بنانے کی ضرورت کو بھی اٹھایا۔مزید برآں، انہوں نے سری نگر اور پلوامہ کے درمیان نیوہ خندہ اور کاکا پورہ کے راستے ای بس سروس متعارف کرانے کی تجویز پیش کی، جو طلباء ، بزرگ شہریوں اور خواتین کے لیے ایک ماحول دوست، محفوظ اور قابل رسائی ٹرانسپورٹ حل پیش کرتی ہے۔ترال کے وفد نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور محکمہ خوراک اور سپلائی سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا۔