عظمیٰ نیوز سروس
ہنوئی// فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کو غیر ملکی دورے کے دوران ائر پورٹ پر ان کی اہلیہ نے تھپر مار دیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون اس وقت ویتنام کے دورے پر ہیں۔رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر جب ویتنام پہنچے اور جہاز سے اترنے لگے تو اسی دوران میکرون کی اہلیہ برگیٹ میکرون کی جانب سے انہیں تھپڑ مارا گیا اور یہ لمحہ کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بعد ازاں جہاز سے اترتے ہوئے صدر میکرون نے بازو آگے بڑھایا تو ان کی اہلیہ نے ان کا بازو بھی نہیں تھاما۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی حکام نے پہلے واقعے کی تردید کی لیکن پھر اسے مذاق میں کی گئی حرکت قرار دیا۔رپورٹس کے مطابق فرانسیسی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ صدارتی محل نے ابتدائی طور پر اس معاملے کی سامنے آنے والی ویڈیو کے اصلی ہونے کی تردید کی اور بعد میں تصدیق کی کہ وہ حقیقی ہے۔اسکائی نیوز کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے قریبی ذرائع نے میڈیا کو بتایا ہے کہ یہ میاں، بیوی کے درمیان کسی معمولی بات پر ‘‘بحث و تکرار ’’ تھی لیکن یہ دونوں کے درمیان ’قربت کا لمحہ‘ تھا۔ایلیسی پیلس کے عہدیدار نے اس وڈیو کی تردید کی ہے جس میں ان دونوں کے درمیان لڑائی دکھائی گئی۔فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے 2007 میں برگیٹ میکرون سے شادی کی تھی۔