عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے چنانی علاقے میں ایک بیگ سے لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے قتل کے الزام میں ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ گرفتار شدگان میں مقتول کی بیوی بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق جمعرات کے روز ادھم پور کے لدھا گاؤں میں پتھروں کے نیچے پڑا ایک بیگ برآمد ہوا جس سے شدید بدبو آ رہی تھی۔ جب پولیس نے بیگ کو کھولا تو اس میں ایک مرد کی سڑی گلی لاش ملی۔انہوں نے کہاکہ بعد ازاں لاش کی شناخت روی کمار، ساکن چولنا-پنچاری کے طور پر ہوئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران شبہ ظاہر کیا گیا کہ اس قتل میں مقتول کی بیوی نیشا دیوی، اس کی دیورانی کانتا دیوی اور کانتا دیوی کا بیٹا جوگیندر، جو نرگیلا گاؤں کا رہائشی ہے ، ملوث ہو سکتے ہیں۔پولیس نے تینوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واردات گھریلو تنازعہ کے باعث انجام دی گئی۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور معاملے کو سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق مقتول اور اس کے اہل خانہ کے درمیان کچھ عرصے سے تنازعات جاری تھے ، جس کا انجام اس افسوسناک واقعے کی صورت میں سامنے آیا۔