یو این آئی
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘پر ایک پراثر اور دوٹوک پیغام جاری کرتے ہوئے سیاسی قیادت پر سخت تنقید کی ہے ۔ اُن کا یہ پیغام نہ صرف الفاظ کی تیزی لیے ہوئے ہے بلکہ سیاسی حلقوں میں ہلچل کا سبب بھی بن گیا ہے ۔آغا روح اللہ نے کشمیری زبان میں ایک جملہ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا’او لیڈرو! یا اٹھو اور قوم کی آواز بنو تاکہ کسی کام آسکو، یا پھر ایک طرف ہو جاؤ، چوڑیاں پہن لو اور پالکی میں بیٹھ کر خاموشی اختیار کرو‘۔اگرچہ انہوں نے اپنے پیغام میں کسی کا نام نہیں لیا، تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ ان کا یہ طنز براہ راست اُن سیاسی شخصیات کی طرف اشارہ ہے جو اہم قومی اور آئینی معاملات پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ حالیہ ورکنگ کمیٹی اجلاس کے دوران روح اللہ مہدی نے واک آوٹ کیا۔سیاسی مبصرین کے مطابق، آغا روح اللہ کا یہ بیان اس بڑھتی ہوئی بے چینی اور فکری کشمکش کا مظہر ہے جو نیشنل کانفرنس کے اندر خاص طور پر ان کارکنوں میں دیکھی جا رہی ہے جو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت، سیاسی شناخت اور خودداری کی بحالی کے لیے مضبوط موقف کے خواہاں ہیں۔آغا روح اللہ پہلے بھی آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مسلسل اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ کشمیر کے عوام کی سیاسی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا اور جو قیادت اس نازک وقت میں بولنے سے قاصر ہے ، اُسے عوامی اعتماد پر قابض رہنے کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں۔ان کے حالیہ تبصرے نے جموں وکشمیر کی سیاسی فضا میں ایک نئی گرمی بھر دی ہے ۔ کیا آغا روح اللہ کا یہ برملا احتجاج ایک بڑے سیاسی طوفان کا پیش خیمہ تو نہیں ہے ؟
ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں موجود تھے | واک آئوٹ کی خبریں غلط:تنویر صادق
یو این آئی
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ کی پارٹی کی ورکنگ کمیٹی میٹنگ سے واک آئوٹ کرنے کی خبریں غلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ آغا روح اللہ کسی گھریلو ایمرجنسی کی وجہ سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ سے اجازت لینے کے بعد میٹنگ سے نکل گئے ۔ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’آغا روح اللہ صاحب کا ورکنگ کمیٹی میٹنگ سے واک آئوٹ کرنے کی خبریں جھوٹ اور من گھڑت ہیں، میں خود میٹنگ میں موجود تھا اور ایک اچھے ماحول میں بات ہوئی‘‘۔ان کا کہنا تھا’’آغا صاحب میٹنگ میں بیٹھے رہے ان کا کوئی رشتہ دار بیمار تھا، فاروق صاحب اور عمر صاحب سے اجازت کے بعد وہ نکل گئے‘‘۔تنویر صادق نے کہا’’ہماری 7اہم قرار دادیں ہیں، خصوصی درجے کی بحالی کی قرار داد کی سب نے تائید کی،اس کو دیکھ کر کچھ لوگ جان بوجھ کر یہ خبریں پھیلا رہے ہیں کہ آغا صاحب ناراض ہیں‘‘۔انہوں نے کہا’’اس وقت جب باقی جماعتیں گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں نیشنل کانفرنس وہ واحد پارٹی ہے جس نے ورکنگ کمیٹی میٹنگ میں بھی خصوصی درجے اور ریاستی درجے کی بحالی کی قرار داد منظور کی‘‘۔وزیر اعلیٰ کی گلمرگ میں کابینہ میٹنگ بلانے کے بارے میں ان کا کہنا تھا’’ہمارا مقصد گورننس کو بنیادی سطح تک پہنچانا ہے اس لئے وزیر اعلیٰ پہلگام میں بھی گلمرگ میں بھی کابینہ میٹنگ کریں گے ، ہر جگہ جائیں گے‘‘۔