عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے اتوار کو گوردوارہ چھٹی پادشاہی کا دورہ کیا ۔انہوں نے وہاںگوردوارہ میں حاضری دی اور سکھ کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔صدرضلع گوردوارہ پربندھک کمیٹی (ڈِی جی پی سی) سرینگر جسپال سنگھ کی قیادت میں کمیٹی نے نائب وزیر اعلیٰ کا والہانہ اِستقبال کیا ۔ کمیٹی نے کمیونٹی سے متعلق کئی اہم مسائل نائب وزیر اعلیٰ کو گوش گزار کئے۔ ضلع گوردوارہ پربندھک کمیٹی (ڈِی جی پی سی) نے مطالبہ کیا کہ مونی گوردوارہ پربندھک کمیٹی ( امرتسر) کی طرف سے جاری کردہ کیلنڈرنانک شاہی سموت 557 کے مطابق چھٹے گورو گورو ہرگوبند صاحب کے پرکاش اُتسو کے موقع پر 5 جولائی کے بجائے 12 جون کوعام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ وفد نے 30؍ مئی کو گورو اَرجن دیو جی کی شہادت کے دِن محدود تعطیل سے بڑھا کر گزیٹیڈ تعطیل کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔نائب وزیراعلیٰ سریندرکمار چودھری نے وفدکے اراکین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کمیونٹی کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ڈِی جی پی سی کویقین دِلایا کہ ان مطالبات کو اعلیٰ حکام کے ساتھ زیر غور لایا جائے گا اور جلد ہی ان کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا، ’’عمر عبداللہ کی حکومت معاشرے کے ہر طبقے کے مسائل حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے۔‘‘اس موقعہ پرنائب وزیرا علیٰ نے جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دُعا بھی کی۔