محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی صبح تحصیل کھڑی کے بزلہ علاقے میں گھر سے سکول آنے کے دوران ایک پانچویں جماعت کا طالب ایک گرتے پتھر کی زد میں شدید زخمی ہوگیا ہے اور اسے کھڑی سے اننت ناگ اور وہاں سے شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سرینگر منتقل کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا جمعہ کی صبح قریب 9:30 بجے یاسر احمد بٹ ولد عبد القادر بٹ اپنے ڈھوک واقع پنتہالن سے اپنے سکول مڈل سکول کھڑی ہالن آنے کے دورثاوپر پہاڑی سے مال مویشیوں کی طرف سے گرآیا ایک بڑا پتھر یاسر احمد بٹ کے سر پر آ لگا جس کی وجہ سے یہ طالب علم شدید زخمی ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مڈل سکول کے اساتذہ نے مقامی لوگوں کی مدد سے زخمی طالب علم کو پرائمری ہیلتھ سینٹر کھڑی پہنچایا جہاں سے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں سے ڈاکٹروں نے اسے میڈیکل انسٹیٹیوٹ صورہ سرینگر منتقل کیا ۔ انچارج زونل ایجوکیشن آفیسر کھڑی عبدالرشید گیری کی ہدایت پر مڈل سکول کھڑی ہالن سے اسکارٹ ٹیچر کے طور محمد عباس بٹ کو زخمی طالب علم کے ساتھ صورہ روانہ کیا گیا۔ ہفتے کی شام شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سرینگر سے بات کرتے ہوئے ٹیچر محمد عباس بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یاسر احمد بٹ کے سر میں گہری چوٹ آئی ہے اور اس کے سر کی کھوپڑی کی ہڈی ٹوٹ کر اندر دھنس گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کی رات تک اس کا ایک ہنگامی آپریشن ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران زخمی طالب علم کا والد عبد القادر بٹ بھی ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ یاسر احمد بہتر ہے اور بات چیت کر رہا ہے تاہم ڈاکٹروں کے بقول سر میں آپریشن کے بعد یاسر احمد مکمل طور سے خطرے سے باہر ہو جائیگا۔