عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنا پارلیمنٹ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کا اختیار ہے، نہ کہ علاقائی جماعتوں جیسے نیشنل کانفرنس یا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کا۔کرناہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سنیل شرما نے، کہا کہ این سی اور پی ڈی پی کا ریاستی درجہ کی بحالی میں کوئی کردار نہیں ہے، اور عوام کو گمراہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ان جماعتوں سے بنیادی سہولیات جیسے مفت بجلی، اضافی راشن اور سبسڈی والا ایل پی جی مانگنا چاہیے۔ ریاستی درجہ ضرور بحال ہوگا۔ ہم اِسے بحال کریں گے۔ این سی یا پی ڈی پی کے مطالبے پر نہیں، بلکہ جب وقت آئے گا پارلیمنٹ کے ذریعے، اور وزیر اعظم مودی کے ذریعے۔
نیشنل کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جماعت جموں و کشمیر کے باہر جانی پہچانی نہیں ہے۔ پارلیمنٹ میں ان کے صرف تین ممبر ہیں۔ 543 کے مجمع میں وہ نظر بھی نہیں آتے۔ ہم 20 سے زائد ریاستوں میں حکومت کر رہے ہیں۔ ان کا ہم سے موازنہ نہیں ہو سکتا۔
سنیل شرما لائن آف کنٹرول کے قریب کرناہ سیکٹر کے دورے پر تھے تاکہ آپریشن سندور کے بعد پاکستانی گولہ باری سے ہوئے نقصان کا جائزہ لے سکیں۔
ریاستی درجہ پارلیمنٹ بحال کرے گی، نہ کہ نیشنل کانفرنس یا پی ڈی پی: سنیل شرما
