عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سینئر کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی ہفتے کی صبح پونچھ پہنچے اور وہاں پاکستانی گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کے ساتھ بات چیت بھی کی۔انہوں نے اس دوران ایک اسکول کا بھی دورہ کیا اور وہاں بچوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔قبل ازیں وزیر برائے محکمہ جل شکتی، جنگلات، ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے جموں میں ان کا استقبال کیا۔
انہوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی جی کو جموں میں استقبال کیا، وہ حالیہ ایل او سی گولہ باری سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پونچھ جا رہے ہیں۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: ‘ان کا یہ دورہ، ضرورت کے وقت اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونےکا عزم اور ان کی لوگوں کی بہبود کے لیے ہمدردی قابل تعریف ہے۔
کانگریس ذرائع کے مطابق یہ دورہ خاص طور پر پونچھ ضلع تک محدود رکھا گیا ہے کیونکہ سب سے زیادہ تباہی اسی علاقے میں ہوئی ہے، جہاں اب تک تقریباً 15 معصوم شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد ان خاندانوں کے غم میں شریک ہونا ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، اور ان علاقوں کا معائنہ کرنا ہے جہاں شدید تباہی ہوئی ہے۔ یہ دورہ خالصتاً ہمدردی اور یکجہتی کے جذبے پر مبنی ہے۔
قبل ازیں راہل گاندھی نے 25 اپریل کو سری نگر کا دورہ کر کے پہلگام دہشت گرد حملے میں زخمی افراد سے ملاقات کی تھی اور اس دوران انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیراعلیٰ عبداللہ سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔
واضح رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں دہشت گرد حملے میں 26 بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کے بعد، بھارتی افواج نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت ایک بڑی کارروائی انجام دے کر پاکستان اور پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد پاکستان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں شدید شیلنگ کی گئی تھی جس سے سب سے زیادہ متاثر پونچھ ہوا تھا۔
راہل گاندھی پونچھ وارد، گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا کیا دورہ
