عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی ہفتہ کو جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ پہنچے جہاں وہ پاکستان کی سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ رہائشیوں سے ملاقات کریں گے۔
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر نے کہا کہ اس دورے کا مقصد غمزدہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور متاثرہ علاقوں میں املاک کے نقصان کا جائزہ لینا ہے۔
پونچھ کے دورے کے دوران راہول گاندھی کے ہمراہ جے کے پی سی سی صدر طارق حمید قرہ، سینئر لیڈر جی اے میر اور کئی دیگر سینئر رہنما بھی موجود ہیں۔
قرہ نے کہا کہ یہ دورہ خاص طور پر پونچھ کے لیے ہے، جو گولہ باری سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 15 عام شہری جاں بحق ہو چکے ہیں اور مکانات و بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہااس دورے کا بنیادی مقصد ان لوگوں کے درد کو بانٹنا ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے اور متاثرہ املاک کا دورہ کرنا ہے۔ یہ ہمدردی اور یکجہتی کا دورہ ہےـ