عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/چنار کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی نے جمعرات کو لائن آف کنٹرول کے کپواڑہ سیکٹر میں اگلی چوکیوں کا دورہ کر کے آپریشن ’سِندور‘ کے بعد کی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔فوج کے مطابق کور کمانڈر نے لائن آف کنٹرول پر تعینات افواج سے بات چیت کی اور انہیں حالیہ سیزفائر خلاف ورزیوں کے دوران جرات مندانہ، پیشہ ورانہ اور موثر کارروائی پر سراہا۔
اس موقع پر جی او سی نے کہا کہ فوجی جوانوں نے انتہائی چیلنجنگ حالات میں غیر معمولی بہادری، مستقل مزاجی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل گھائی نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ لائن آف کنٹرول پر مسلسل چوکسی، ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال اور علاقے میں مضبوط گرفت برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ مستقبل میں درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ:’موجودہ سیکیورٹی صورتحال ہم سے نہ صرف مستعدی کا تقاضا کرتی ہے بلکہ ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال، حکمت عملی میں مسلسل بہتری اور ہر لمحہ تیار رہنے کی ضرورت بھی ہے۔‘
قابل ذکر ہے کہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد بھارت نے 7 مئی کو ’آپریشن سندور‘ کے تحت دشمن کے ٹھکانوں پر بھرپور جوابی کارروائی کی تھی۔ اس کے بعد پاکستان کی طرف سے 8، 9 اور 10 مئی کو فائرنگ اور دراندازی کی کوششیں ہوئیں، جن کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا گیا۔
چنار کور کمانڈر نے افسروں اور جوانوں کی بلند ہمتی اور قومی خدمت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:فوج کے ہر جوان نے سرحدوں کے تحفظ میں جو کردار ادا کیا ہے، وہ قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی فوج ہر حال میں ملک کی سلامتی، سرحدی استحکام اور امن کے قیام کے لیے پرعزم اور تیار ہے۔
چنار کور کے جی او سی کا ایل او سی دورہ، آپریشنل تیاریوں کا لیا جائزہ
