عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//سرحدی گولہ باری کے باعث کئی روز کی بندش کے بعد ضلع پونچھ میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھلنے پر ڈپٹی کمشنر وکاس کندل نے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا جائزہ لیا جا سکے اور طلباء کے لئے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول پونچھ کا دورہ کرتے ہوئے طلباء اور تدریسی عملے سے ملاقات کی، اسکول کی بنیادی سہولیات، حاضری اور اساتذہ کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے آئی سی ٹی لیب اور متعدد کلاس رومز کا بھی دورہ کیا اور طلباء سے براہ راست بات چیت کی تاکہ ان کے تجربات کو سمجھا جا سکے اور ان کے حوصلے بلند کئے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے دسویں جماعت کے طالب علم احسن الحق کی قومی سطح پر نمایاں کارکردگی کو سراہا، جنہوں نے 68ویں نیشنل اسکول گیمز میں باکسنگ کے شعبے میں کانسی کا تمغہ حاصل کر کے ضلع اور اسکول کا نام روشن کیا۔ انہوں نے دیگر طلباء کو بھی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کی ترغیب دی۔وکاس کنڈل نے تعلیم کے لئے سازگار اور محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اسکولوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔