عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لڑائی روکنے کا کریڈٹ لینے کے بعد ہندوستان نے جمعرات کو اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے ساتھ کوئی بھی رابطہ دو طرفہ ہوگا اور دہشت گردی کے ساتھ تعلقات کو مستقل طور پر منقطع کرنے کے بعد ہی ہوسکتا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے آج یہاں ایک باقاعدہ بریفنگ میں مسٹر ٹرمپ کے بیان پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ “اپنی پچھلی بریفنگ میں، میں نے اس مسئلے پر توجہ دی ہے۔ مجھے بتانے کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔”
انہوں نے کہاکہ “آپ ہمارے موقف سے بخوبی واقف ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کوئی بھی رشتہ دو طرفہ ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ بات چیت اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چلتے۔ دہشت گردی کے حوالے سے، ہم ان بدنام زمانہ دہشت گردوں کو ہندوستان کے حوالے کرنے پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں جن کی فہرست چند سال قبل پاکستان کو فراہم کی گئی تھی۔”
جیسوال نے کہاکہ “میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر پر کوئی بھی دو طرفہ بات چیت صرف اس وقت ہوگی جب پاکستان اپنے غیر قانونی طور پر مقبوضہ ہندوستانی علاقہ کو خالی کردے گا۔ سندھ آبی معاہدے پر اسے اس وقت تک روک دیا جائے گا جب تک کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کی حمایت کو قابل اعتبار اور ناقابل واپسی طور پر ختم نہیں کر دیتا۔ ہمارے وزیر اعظم نے کہا ہے، ‘پانی اور خون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔
چین میں چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان سہ فریقی مذاکرات پر وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہم نے کچھ رپورٹس دیکھی ہیں، میرے پاس ابھی کہنے کو کچھ نہیں ہے۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کے ساتھ بات چیت کے بارے میں، ترجمان نے کہاکہ”ہم نے ایک اعلامیہ جاری کیا تھا۔ وزیر خارجہ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرنے پر قائم مقام وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کئی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
پاکستان کے ساتھ کوئی بھی رابطہ دوطرفہ ہوگا: ہندوستان
