عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//دہلی سے سرینگر آنے والی انڈیگو کی ایک پرواز کو، جس میں 220 سے زائد افراد سوار تھے، بدھ کے روز خراب موسم کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔سرینگر میں ایئرپورٹ اتھارٹی کے ایک اہلکار نے بتایا”انڈیگو کی پرواز 6E2142کودہلی سے سرینگر آتے ہوئے راستے میں خراب موسم (ژالہ باری) کا سامنا کرنا پڑا اورپائلٹ نے فوری طور پر ائر ٹریفک کنٹرول روم سرینگرکو ایمرجنسی لینڈنگ کی اطلاع دی” ۔انہوں نے کہا کہ تاہم پرواز شام 6.30بجے بحفاظت سرینگر میں اتری۔انہوں نے مزید کہا کہ “تمام ہوائی عملہ اور 227مسافر محفوظ ہیں اور پرواز کو ایئر لائن نے( اے او جی) قرار دیا ہے” ۔ ‘ایئرکرافٹ آن گرائونڈ’ (AOG) سے مراد وہ ہوائی جہاز ہے جو گرائونڈ ہو اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے پرواز کرنے سے قاصر ہو۔