یو این آئی
میڈرڈ// ہسپانوی پارلیمنٹ نے اسرائیل کو اسلحے کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کے لیے قرارداد منظور کرلی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہسپانوی پارلیمنٹ میں بائیں بازو اور قوم پرست جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی، 176کے ایوان میں سے قرارداد کے حق میں 171ووٹ ڈالے گئے ۔ہسپانوی قانون سازوں نے بھی اس قرارداد کو سراہتے ہوئے ہسپانوی حکومت پر زور دیا کہ اسرائیل کو اس طرح کے کسی بھی مواد کی فروخت نہ کی جائے جو اسرائیلی فوج کو مضبوط کر سکے ۔اس قرارداد میں اسپین کے غیر ملکی تجارت کے قانون میں اصلاحات کی سفارش بھی کی گئی تاکہ اسرائیل جیسی کسی بھی ریاست کے ساتھ فوجی معاہدوں پر پابندی لگائی جا سکے جس پر نسل کشی یا انسانیت کے خلاف جرائم کا الزام ہو۔ادھر امریکہ کی سینیٹ کمیٹی میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے امریکی سینیٹ کمیٹی میں پیشی کے دوران غزہ میں نسل کشی روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔اسی دوران ‘نو ڈالر ٹو اسرائیل’ کی ٹی شرٹ پہنے شخص نے وزیر خارجہ کے بیان کے دوران اٹھ کر نسل کُشی بند کرو کا مطالبہ کیا جس پر سکیورٹی نے احتجاج کرنے والے شخص کو باہر نکال دیا۔دوسری جانب یورپی یونین نے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں جاری جارحیت پر اسرائیل سے تعلقات پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے ۔