جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ کے اچھاد علاقے میں ایک افسوسناک سڑک حادثے میں ایک سابق فوجی جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسراسابقہ فوجی شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK12C 1152 پونچھ سے مینڈھر آ رہا تھا اور تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس چوکی منکوٹ کے انچارج نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مقامی لوگوں کی مدد سے دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا تاہم علاج کے دوران سابق فوجی انظار احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ دوسرے زخمی ذوالفقار احمد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔پولیس نے موقع پر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نعش کو لواحقین کے حوالے کر دیا، جس کے بعد مرحوم کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔حادثے پر علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے سڑک کی خستہ حالی اور تیز رفتاری کو حادثے کی بڑی وجوہات قرار دیتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کیے جائیں۔پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔