جاوید اقبال
مینڈھر //تعلیمی زون مینڈھر کے گورنمنٹ مڈل اسکول کلیاں میں پانی کے کنکشن کی عدم دستیابی نے طلباء اور اساتذہ کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ اسکول میں ایک سو کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں جو شدید گرمی کے موسم میں پینے کے پانی سے محروم ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بچوں کو روزانہ کئی کلومیٹر دور سے پانی لانا پڑتا ہے جو نہ صرف ان کی صحت کے لئے مضر ہے بلکہ تعلیم میں بھی خلل ڈالتا ہے۔ والدین اور سماجی کارکنوں نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود اسکول کو پانی کا کنکشن فراہم نہیں کیا گیا۔اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار محکمہ جل شکتی کو تحریری طور پر درخواست دی ہے، لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ ایک استاد نے بتایا، “بچوں کو پانی کے لئے ترسنا پڑتا ہے، جو نہایت افسوسناک ہے۔ ہم نے ہر ممکن کوشش کی ہے لیکن تاحال کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔جب اس معاملے پر ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر مینڈھر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’مجھے اس مسئلے کا علم نہیں تھا، میں فوری طور پر اس کی جانچ کروں گا‘‘۔محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ افسران سے جب سوال کیا گیا تو انہوں نے بھی لاعلمی ظاہر کی اور یقین دلایا کہ ’ہم معاملے کا جائزہ لیں گے، اور جلد از جلد اسکول میں پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘‘۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے بنیادی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر اسکول کو پانی کا کنکشن فراہم کیا جائے تاکہ تعلیمی ماحول متاثر نہ ہو۔