عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی//ممبئی کے کئی حصوں میں شدید بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کی رفتار کم ہوگئی۔ حکام نے بتایا کہ ممبئی کے مقابلے مشرقی اور مغربی مضافاتی علاقوں میں بارش کی شدت زیادہ تھی۔ جبکہ ممبئی شہر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق مغربی مضافاتی علاقے جوگیشوری میں سب سے زیادہ 63 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے بعد اندھیری (مالپا ڈونگری) میں 57 ملی میٹر اور اندھیری (مشرق) میں 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ 21 سے 24 مئی کے درمیان مہاراشٹر کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔مشرقی مضافات میں، پوائی میں سب سے زیادہ 38 ملی میٹر بارش ہوئی، اس کے بعد بھنڈوپ (ایس وارڈ آفس)میں 29ملی میٹر اور ٹیمبھی پاڑا میں 27 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بی ایم سی حکام نے بتایا کہ ایک درخت گرنے اور شارٹ سرکٹ کے ایک واقعے کے علاوہ شہر میں کسی اور واقعے کی اطلاع نہیں ہے۔ شہر یا مضافاتی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور ٹریفک معمول کے مطابق چل رہا ہے۔ تاہم ٹریفک پولیس نے کہا کہ اندھیری سب وے میں پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹریفک کو روکنا پڑا۔دوسری جانب شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے ٹرینیں متاثر ہوئیں۔ کئی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ کونکن ریلوے روٹ پر ویراولی اور ولواڈے اسٹیشنوں کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کا براہ راست اثر ریل ٹریفک پر پڑا۔ گوا جانے والی نیتراوتی ایکسپریس کو رتناگیری اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ ممبئی جانے والی جن شتابدی ایکسپریس کو ویبھواڑی اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ ممبئی کی طرف جانے والی تیجس ایکسپریس کو کنکاولی اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ ریلوے انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے کے کام میں مصروف ہیں۔واضح رہے بدھ کو دہلی میں گرج چمک کے ساتھ طوفان کی توقع ہے۔ منگل کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیا ت کے مطابق نمی 67 سے 43 فیصد کے درمیان رہی۔ بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 اور کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔
مانسون کیرالہ پہنچنے کا امکان، کئی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشین گوئی
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//اس سال وقت سے پہلے مانسون کی آمد ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی تک کیرالہ میں مانسون کے دستک دینے کا امکان ہے۔ ویسے کیرالہ میں اس کے پہنچنے کی عام تاریخ یکم جون ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے محکمہ موسمیات نے 27 مئی تک کیرالہ کے ساحل پر مانسون کے پہنچنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔محکمہ موسمیات نے کیرالہ میں مانسون کی آمد کو لے کر کاسرگوڈ، کنور اور کوجھی کوڈ ضلعوں کے لیے ریڈ الرٹ جبکہ پلکڑ، ملپورم اور تریشور کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ اس درمیان راجستھان سمیت شمالی ہند کے علاقوں میں شدید گرم لہر کی حالت بھی بنی رہنے کا امکان ہے۔آئی ایم ڈی نے منگل کو اطلاع دی کہ اگلے 5-4 دنوں کے دوران کیرالہ میں مانسون کی آمد کے لیے حالات موافق ہونے کے آثار ہیں۔ اگلے تین دنوں کے دوران شمال مشرقی ہند، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں گرج اور بجلی کے ساتھ شدید بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں 20 سے 26 مئی کے دوران مغربی ساحل (کرناٹک، کونکن، گوا و کیرالہ) اور جزیرہ نما ہندوستان میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 23 اور 24 مئی کو ہماچل پردیش، 21 سے 26 مئی کے دوران اتراکھنڈ میں گرج، بجلی اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ 20 سے 26 مئی کے دوران پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، اتر پردیش اور راجستھان میں بجلی گرنے اور تیز ہواوں کا سلسلہ رہنے کا امکان ہے۔ 23 اور 24 مئی کو اتراکھنڈ میں کچھ مقامات پر بھاری بارش کے آثار ہیں۔دوسری طرف اتر پردیش-بہار سمیت راجستھان، پنجاب میں آنے والے کئی دنوں تک شدید گرمی پڑے گی۔ وہیں راجستھان میں تو لوگوں کو جھلسانے والی لو کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔