عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جموں وکشمیر نے یونین ٹریٹری میں بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر ایک ایڈوائزری جاری کرکے لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایڈوائزری میں لوگوں کو ہیٹ ویو سے بچنے کے لئے کچھ نکات پر عمل کرنے اور کچھ سے باز رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ شدید دھوپ کے وقت باہر جانے سے احتیاط کریں۔
ایڈوائزری میں لوگوں کو مقامی موسمی صورتحال کے بارے میں باخبر رہنے کے لئے ریڈیو، ٹی وی یا اخبار پر خبروں سننے کو کہا گیا ہے۔
لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر پیاس نہ لگنے پر بھی زیادہ سے زیادہ پانی پینے، او آر ایس، گھر میں تیار کی جانی والی مشروبات جیسے، لسی، لیمبو کا پانی وغیرہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کاٹن کے کپڑے سے بنے ہلکے اور ہلکے رنگ اور ڈھیلے لباس کو زیب تن کریں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ جب وہ شدید گرمی میں باہر نکلیں تو سر کو کپڑے سے ڈھانپ لیں یا چھتری یا ہیٹ کا استعمال کریں۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا ہے کہ جانوروں کو بھی چھائوں میں باندھ کر رکھیں اور انہیں بھی زیادہ سے زیادہ پانی دیں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ گاڑی پارک کرتے وقت بچوں کو گاڑیوں میں رکھنے سے اجتناب کریں۔
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جموں وکشمیر نے ہیٹ ویو کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کی
