عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ شمالی ضلع بانڈی پورہ کے سمبل کے مرکزی بازار میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو ایک ہولناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 دکانیں اور چار رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہو گئےـ
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے کے فوراً بعد سمبل اور نائد کھائی سے فائر ٹینڈر، جموں و کشمیر پولیس اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے۔ تاہم، آگ تیزی سے پھیلتی گئی، جس کے باعث صفاپورہ اور بٹونہ فائر اسٹیشنز سے مزید کمک طلب کی گئی۔
گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
اگرچہ کروڑوں مالیت کی جائیداد کو بچا لیا گیا، تاہم لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔
جلنے والے مکانات بشیر احمد وانی ولد محمد سلطان، عبد الحمید وانی، عبد الحمید کھانڈے اور نذیر احمد کھانڈے، تمام رہائشیان سمبل کے تھے۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دریں اثنا، سمبل ٹریڈ فیڈریشن کے صدر نذیر احمد ریشی نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور بانڈی پورہ ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو فوری امداد اور معاوضہ فراہم کیا جائے۔