عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے علاقے کیلر میں اتوار کی شام ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب تیز آندھی کے باعث ایک درخت خیمے پر جا گرا، جس کے نتیجے میں ایک لڑکی جاں بحق جبکہ اس کا والد زخمی ہو گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ گاڈر چوگان کے جنگلاتی علاقے میں پیش آیا، جہاں تیز ہواؤں کی وجہ سے ایک الپائن درخت خیمے پر آ گرا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت صوبی ریاض دختر ریاض احمد بکروال کے طور پر ہوئی ہے، جو موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ اس کے والد زخمی ہوئے۔
حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کی شام کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور شدید بارشوں نے تباہی مچائی، جس سے املاک کو نقصان پہنچا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
شوپیاں کے کیلر میں تیز آندھی سے درخت گرنے کا واقعہ لڑکی جاں بحق، والد زخمی
