محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر پیڑاہ کے مقام کانگریس لیڈر اور ممبر اسمبلی ڈورو غلام احمد میر کے قافلے میں شامل ایک سیکورٹی گاڑی کے حادثے میں دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور انہیں ضلع ہسپتال رامبن منتقل کیا گیا۔یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب غلام احمد میر کی سیکورٹی میں شامل گاڑی مخالف سمت سے آرہے ایک ایل پی جی ٹینکر سے ٹکرائی ۔ اس زور دار ٹکر کے نتیجے میں سیکورٹی گاڑی میں سوار دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ غلام احمد میر دوسری گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ضلع ہسپتال رام بن ڈاکٹر سدھرشن سنگھ کٹوچ نے بتایا کہ ایک پولیس اہلکار کے سر میں زخم آئے ہیں جبکہ دوسرے اہلکار کو فریکچر ہیں اور رام بن ہسپتال میں طبی امداد کے بعد دونوں زخمیوں کو بہتر علاج کیلئے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال لائے گئے دو زخمیوں کی شناخت سنجے کمار ساکنہ کٹھوعہ اور عبدالرحمان ساکنہ گاندھربل کشمیر کے طور کی گئی ہے تاہم ان کی حالت مستحکم ہے۔ اس دوران پولیس نے ایک کیس درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔