عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں سندری میں پاکستانی افواج کی جانب سے کی گئی شدید گولہ باری میں رہائشی مکانات و دیگر ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ۔مقامی لوگوں کے مطابق ان کی عمروں کی کمائی کچھ منٹوں میں تباہ اور برباد کر دی گئی ۔مکینوں نے کہا کہ گولہ باری کی وجہ سے اگرچہ انسانی جانیں بچ گئیں مگر متعدد ایسے رہائشی مکانات ہیں جو اب رہائش کے قابل نہیں رہے۔ فاروق احمد نامی ایک مقامی شخص نے بتایاکہ ان کا علاقہ جو کہ سرحد کے عین قریب پڑتا ہے مگر اس کے باوجود بھی اس علاقہ میں سرکار کی جانب سے بینکروں کی تعمیر نہیں کی گئی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکل حالات میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ہوئی حالیہ گولہ باری کی وجہ سے انہوں نے اپنی جانیں مشکل سے بچائیں مگر ان کے علاقہ میں متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گولہ باری کی وجہ سے انہوں نے اپنی جان بچانے کیلئے علاقہ کو چھوڑ کر دوسری جگہ رہنا پسند کیا تاکہ ان کی جان بچ سکیں۔ علاقہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور شخص نے بتایا کہ ان کے علاقہ میں بینکرزہی نہیں اور گولہ باری کے دوران وہ اپنے مکانوں کی سب سے نچلے کمروں میں چھپے رہے ۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود کے مٹی کے شیلٹر تعمیر کئے ہیں مگر شدید گولہ باری کی وجہ سے وہ ان تک پہنچ بھی نہیں پائے۔ اس علاقہ کے لوگوں نے سرکار اور مقامی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس علاقہ میں زمیندوز بنکرز تعمیر کئے جائیں اور گولہ باری کی وجہ سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگا کر عوام کو معاوضہ دیا جائے۔