عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کے مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے نے بدھ کو پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) کو ہمارے ملک میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پر قبضہ دہشت گردی کا واحد مستقل حل ہے۔
ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (اٹھاولے) کے قومی صدر اتھاولے نے کہا، “میں وزیر اعظم نریندر مودی کوآپریشن سندورکے ذریعے پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائی کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہندوستانی فوج نے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور پوری دنیا کے سامنے پاکستان کی اسپانسر کردہ دہشت گردی کو بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی آف انڈیا پی او کے کو ہمارے ملک میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتی ہے کیونکہ پی او کے پر قبضہ دہشت گردی کا واحد مستقل حل ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا، “پورے ملک کو پاکستانی سپانسر شدہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ہندوستانی فوج کی بے مثال جرات پر فخر ہے جنہوں نے پہلگام میں سیاحوں کو بے دردی سے قتل کیا اور ملک کی ماؤں بہنوں کو بے یارومددگارکر دیا۔ فوج نے اس سخت ردعمل سے ہم وطنوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور پوری دنیا نے ہندوستانی فوج کی بہادری کا لوہا مانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی غلط پالیسیوں اور ہندستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے کی وجہ سے چاروں طرف سے گھرا ہوا ہے۔ ان کی پارٹی آپریشن سندور کی معطلی پر دیے گئے بیان سے مکمل اتفاق کرتی ہے اور وزیراعظم کی پاکستان کو اسی کی زبان میں جواب دینے کی پالیسی کی حمایت اور تعریف کرتی ہے۔
پی او کے پر قبضہ دہشت گردی کا واحد مستقل حل : رام داس اٹھاولے
