تسکین وانی+نواز رونیال
سرینگر/پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ رام بن کے چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر ایک افسوسناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ یہ حادثہ جموں سرینگر نیشنل ہائی وے پر ماروگ رام بن کے نزدیک آج صبح پیش آیا۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق، پربھات سنگھ، عمر 59 سال، ساکن دھنمستہ پوگل ڈیوٹی کے لیے رام بن جا رہے تھے کہ ماروگ کے قریب ایک تیز رفتار ٹینکر نے ان کی اسکوٹی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ایس ایچ او رام بن، وکرم سنگھ پریہار نے بتایا کہ پربھات سنگھ کو ایل پی جی گیس ٹینکر نے ٹکر ماری اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹینکر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
جوڈیشل ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن رام بن نے چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر پربھات سنگھ کی افسوسناک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں، جے ای ڈبلیو اے کے اسٹیٹ ایگزیکٹو باڈی کے رکن منظور احمد وانی نے کہا کہ پربھات سنگھ کی ناگہانی موت ہم سب کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سڑک حادثہ، چیف ایڈ منسٹریٹو آفیسر لقمہ اجل
