سمت بھارگو
راجوری // گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر امرجیت سنگھ بھاٹیہ نے حالیہ کشیدہ صورتحال کے دوران ڈیوٹی چھوڑنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی تنخواہیں روک دی ہیں اور قواعد کے تحت ان کے خلاف رسمی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔یہ کارروائی 7 مئی سے بغیر کسی اطلاع یا بایومیٹرک حاضری کے غیر حاضر رہنے والے فیکلٹی ممبران، کنسلٹنٹس، سینئر اور جونیئر ریزیڈنٹس، نرسنگ اسٹاف، پیرا میڈیکل، ٹیکنیکل، منسٹریل، ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف، انٹرنز اور دیگر ملازمین کے خلاف کی گئی ہے۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے کہا کہ غیر حاضری کے اس عرصے کو بغیر اجازت رخصت تصور کیا جائے گا اور اس کا اندراج ملازمین کے سروس ریکارڈ میں کیا جائے گا تاکہ آئندہ کے لیے مثال قائم ہو۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ فیصلہ اس لئے لیا گیا ہے کیونکہ بیشتر ملازمین نے خطرات کے باوجود جانفشانی سے خدمات انجام دیں، لیکن چند افراد نے راجوری چھوڑ کر فرار ہو کر باقی عملے کے حوصلے کو متاثر کیا، جس پر کارروائی ضروری تھی۔ڈاکٹر بھاٹیا کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ملازمین کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلانے اور ادارے میں نظم و ضبط قائم رکھنے کے لئے کیا گیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب علاقہ کشیدہ حالات سے گزر رہا تھا۔