بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر کے ہوٹل مالکان نے سیاحت کے شعبے کی بحالی کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ خطے میں حالات معمول پر آ رہے ہیں اور سیاحت کا شعبہ ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔جموں و کشمیر ہوٹلیئرس کلب کے چیئرمین اور معروف صنعت کار مشتاق چایا نے سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے بروقت اور اہم فیصلوں نے شعبہ سیاحت میں نئی امید پیدا کی ہے۔چایہ نے کہا’’ہم دیکھ رہے ہیں کہ جموں و کشمیر میں معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی حمایت سے ہم پْر امید ہیں کہ جلد ہی سیاح بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کریں گے اور صنعت دوبارہ اپنی رفتار پکڑے گی۔‘‘انہوںنے حالیہ پرتشدد واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری ان خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے جو متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا’’یہ صرف مالی نقصان نہیں، بلکہ انسانی جانوں کا ضیاع ہے، جس کا دکھ ہم سب کو ہے۔‘‘انہوں نے وزارت سیاحت کے کردار کو بھی سراہا اور مطالبہ کیا کہ حکومت سیاحت کی بحالی کیلئے مقامی متعلقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔ان کا کہنا تھا’’کشمیر اپنی مہمان نوازی کے لیے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔ ہم اس روایت کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزمہیں۔‘‘چایہ نے انکشاف کیا کہ جموں و کشمیر کے ہوٹل مالکان کا ایک وفد جلد وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزرا سے ملاقات کرے گا تاکہ سیاحت کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔انہوں نے کہا’’ہمیں فخر ہے کہ ہمارے ملک کی قیادت وزیر اعظم مودی جیسے لیڈر کے ہاتھوں میں ہے۔‘‘