عظمیٰ نیوز سروس
لندن //پولینڈ کی ایک کمپنی نے اسٹار وارز فلموں سے متاثر ہوکر اڑنے والی موٹر سائیکل تیار کرلی.پولینڈ کی کمپنی وولوناٹ کے مطابق ائر بائیک دنیا کی پہلی ہوور بائیک ہے جو اپنی طرز کی منفرد سواری ہے۔کمپنی نے بتایا کہ اس موٹر سائیکل کا ڈیزائن اسٹار وارز فلموں میں دکھائی جانے والی اسپیڈر بائیکس سے بہت زیادہ ملتا جلتا ہے۔وولوناٹ کے مطابق ائر بائیک کو جیٹ propulsion کے ذریعے پاور فراہم کی گئی ہے۔جیٹ propulsion کو طیاروں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ائر بائیک کے حوالے سے ابھی کافی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں مگر کمپنی نے اسے آسمان کے لیے سپر بائیک قرار دیا ہے۔کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس میں ایک ایسا سسٹم موجود ہے جو فلائٹ کمپیوٹر کی مدد سے خودکار پرواز میں مدد فراہم کرتا ہے اور ائر بائیک چلانے والے کے لیے اسے کنٹرول کرنا آسان بنا دیتا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ موٹر سائیکل کا موجودہ ورڑن کئی ماہ کی سخت محنت کا نتیجہ ہے جس کے دوران متعدد بار ناکامیوں کا سامنا بھی ہوا۔ائر بائیک کی پرواز کی کامیاب آزمائش بھی کی گئی ہے مگر کمپنی کی جانب سے پروڈکشن ماڈل کی تیاری کے وقت اور قیمت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ یہ ایسی سواری ہے جو فلائنگ مشین کے طور پر کام کرے گی جبکہ یہ کسی روایتی موٹر سائیکل کے مقابلے میں 7 گنا زیادہ ہلکی ہوگی کیونکہ اس کی تیاری کے لیے کاربن فائبر میٹریل استعمال کیا گیا ہے۔