عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کئی دنوں سے بند سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کل (منگل) سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا امکان ہے۔ایک سینئر عہدیدار نے کہا’’گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔ امید ہے کہ سرینگر ایئرپورٹ کل سے آپریشنز دوبارہ شروع کرے گا، تاہم ہمیں سرکاری اعلان کا انتظار کرنا ہوگا‘‘۔
یہ ایئرپورٹ اُن اہم تنصیبات میں شامل تھا جنہیں 9 مئی سے شہری پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا، جب کہ گزشتہ ہفتے کے فوجی تناؤ کے بعد ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAMs) جاری کرتے ہوئے پروازوں کی عارضی معطلی کا اعلان کیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب جنگ بندی نافذ ہو چکی ہے، اور ہوابازی کے متعلقہ ادارے پروازوں کے محفوظ دوبارہ آغاز کے لیے تیاریاں کر رہے ہیں۔ ایئرپورٹ کے کھلنے کے حوالے سے جلد سرکاری اعلان متوقع ہے۔سرینگر ایئرپورٹ پر پروازوں کی ممکنہ بحالی کو خطے میں کشیدگی میں کمی اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کئی دن کی معطلی کے بعد سرینگر ایئرپورٹ پرکل سے پروازوں کی بحالی کا امکان
