عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں میں پاکستانی ڈرون حملے کے بعد سری نگر ہوائی اڈے پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکام نے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرتے ہوئے ہوائی اڈے اور اس کے اطراف کے علاقوں میں نگرانی کا عمل تیز کر دیا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے ہوائی اڈے کے قرب و جوار میں رہائش پذیر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ رات کے اوقات میں ممکن ہو تو زمینی منزل پر سوئیں اور گھروں کے باہر کی تمام روشنیاں بند رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز نے ہوائی اڈے کے اردگرد گشت اور نگرانی کو مزید مستحکم کر دیا ہے جبکہ اینٹی ڈرون سسٹمز کو بھی متحرک رکھا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ “کسی بھی ممکنہ خطرے کو ناکام بنانے کے لیے تمام ادارے الرٹ پر ہیں”۔
قابل ذکر ہے کہ یہ احتیاطی ہدایات جموں میں پاکستانی ڈرون حملوں کے پس منظر میں جاری کی گئی ہیں، سری نگر سمیت وادی کے دیگر حساس مقامات پر بھی سیکیورٹی ایجنسیاں ہر حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انتظامیہ نے عوام سے افواہوں پر یقین نہ کرنے اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس یا سیکیورٹی اداروں کو دینے کی اپیل کی ہے۔
سری نگر ہوائی اڈے کے اردگرد علاقوں میں ہائی الرٹ جاری
