عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ریلائنس انڈسٹریز نے جمعرات کو کہا کہ اس کا’’آپریشن سندور‘‘کو کسی بھی گروپ کے ٹریڈ مارک کے طور پر رجسٹر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور غلطی سے اس سلسلے میں دائر کی گئی درخواست واپس لے لی گئی ہے۔ریلائنس کی طرف سے آج جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ’آپریشن سندور ‘ہندوستان کے لوگوں کے جذبات سے جڑا ہوا ہے اور یہ ملک کی بہادری کی علامت بن گیا ہے۔کمپنی نے کہا کہ گروپ کمپنی جیو اسٹوڈیو کے ایک جونیئر ملازم نے بغیر اجازت ٹریڈ مارک کے لیے درخواست دی تھی، جسے واپس لے لیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ ریلائنس انڈسٹریز اور اس کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو پہلگام میں سیاحوں پر پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے کے جواب میں ہندوستانی مسلح افواج کی طرف سے کئے گئے آپریشن (آپریشن سندور) پر بے حد فخر ہے۔ یہ آپریشن ہماری مسلح افواج کی قابل فخر کامیابی اور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی غیرمتزلزل جنگ کی علامت ہے۔
ریلائنس نے کہا کہ وہ اس لڑائی میں ان کی مدد کرنے کے لیے پوری طرح ہندوستانی حکومت اور ملک کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ کمپنی نے کہا کہ انڈیا فرسٹ کے نعرے سے اس کی وابستگی غیر متزلزل ہے۔
آپریشن سندور ٹریڈ مارک کے لیے درخواست ایک غلطی تھی، واپس لے لی گئی: ریلائنس
