عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان کی جانب سے جنگ بندی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں پونچھ سیکٹر میں 13 شہری جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 59 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے تشہیر ڈویژن کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے 44 افراد کا تعلق پونچھ سے ہے۔فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی ایل او سی کے مختلف سیکٹرز میں شدید گولہ باری کر رہی ہے، جس کا بھارتی فوج نے مؤثر جواب دیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے گولہ باری کی شدت میں اُس وقت اضافہ ہوا جب بھارت نے بدھ کی صبح پاکستان اور پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر میں 9 دہشت گردی کے اڈوں پر فوجی کارروائی کی۔
ایک فوجی عہدیدارکے مطابق، ’’7 اور 8 مئی کی درمیانی رات، پاکستان آرمی کی چوکیوں نے کپواڑہ، بارہ مولہ، اُڑی اور اکھنور کے علاقوں میں چھوٹے ہتھیاروں اور توپ خانے سے بلااشتعال فائرنگ کی۔‘‘عہدیدار نے مزید کہا، ’’بھارتی فوج نے مناسب اور مؤثر جواب دیا۔‘‘
کشیدگی کے پیش نظر، حکام نے جموں ریجن کے پانچ سرحدی اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے جمعرات کو دوسرے دن بھی بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پاکستان کی جنگ بندی خلاف ورزیوں میں پونچھ میں 13 شہری جاں بحق
