بلال فرقانی
سرینگر// جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو خودروزگار کی جانب مائل کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو نچلی سطح تک فروغ دینے کیلئے حکومت نے ایک اہم اور دوررس قدم اٹھایا ہے۔ ’مشن یووا‘ کے تحت ہر ضلع میں سمال بزنس ڈیولپمنٹ یونٹ اور سب ڈویژن سطح پر بزنس ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جو نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز، مالی معاونت، اور حکومتی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے میں مکمل رہنمائی فراہم کریں گے۔ضلع سطح پر قائم ہونے والے سمال بزنس ڈیولپمنٹ یونٹوں کی سربراہی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر یا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کریں گے، جب کہ ان میں ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کاؤنسلنگ سینٹر،انٹر پرنرشپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ( ای ڈی آئی)، جموں و کشمیر بینک، محکمہ صنعت و حرفت، اور محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران شامل ہوں گے۔یہ یونٹ ہر ضلع کیلئے مخصوص کاروباری ترقیاتی منصوبے ترتیب دیں گے، ممکنہ کاروباری سرگرمیوں کی نشاندہی کریں گے، اور ماڈل ڈی پی آر (تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ) تیار کریں گے۔ سب ڈویڑن سطح پر قائم ہونے والے بزنس ہیلپ ڈیسک کی نگرانی سب ڈویژنل مجسٹریٹ یا اسسٹنٹ کمشنرمال کریں گے، جب کہ اس میں محکمہ زراعت، نیشنل رورل لائیولی ہڈ مشن اور جموں و کشمیر بینک کے افسران شامل ہوں گے۔یہ ہیلپ ڈیسک مقامی سطح پر کاروباری افراد کیلئے مرکزی رابطہ مرکز کا کردار ادا کریں گے۔