عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ضلع پونچھ میں نہتے شہریوں پر حالیہ فائرنگ اور انسانی جانوں کے ضیاع پر تھنہ منڈی کی تمام دینی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ عوامی نمائندوں اور سماجی کارکنوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے حکمرانوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ دشمنی کی راہ ترک کرتے ہوئے امن و آشتی کا راستہ اپنائیں تاکہ بے گناہ شہریوں کی قیمتی جانیں اور ان کا مال و متاع محفوظ رہ سکیں۔ گزشتہ رات پونچھ سیکٹر میں پاکستان کی جانب سے مبینہ طور پر کی گئی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں نہ صرف جانی نقصان ہوا بلکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس پر مقامی عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے کہا ہے کہ وہ جنگ نہیں، امن چاہتے ہیں کیونکہ امن ہی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی ضمانت ہے۔ عوام نے مزید کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ خود ایک بڑا مسئلہ ہے، اور دونوں ملکوں کے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے عوام کو غربت، افلاس اور پسماندگی سے نکالنے کے لیے جنگ لڑیں اور ترقی، تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات جیسے میدانوں میں مسابقت کریں۔ تھنہ منڈی کے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں امن کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ آئے روز کے اس تشدد سے عوام کو نجات مل سکے اور خطے میں دیرپا امن قائم ہو۔