عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//فوج نے ضلع راجوری کے دور افتادہ گاؤںعظمت آبادمیں ایک خصوصی طبی گشت (میڈیکل پٹرولنگ) کا انعقاد کیا، جس کا مقصد مقامی آبادی کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی اور بیماریوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔اس مہم کے دوران فوج کے طبی عملے نے مقامی لوگوں، سرپنچ، پنچایت اراکین اور دیگر باشندگان سے ملاقات کی۔ لوگوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور ضروری ادویات تقسیم کی گئیں۔ اس مہم میں کل 132 افراد مستفید ہوئے، جن میں 43 مرد، 37 خواتین اور 52 بچے شامل تھے۔فوج کی جانب سے ایک تعلیمی لیکچر کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں متوازن غذا، صفائی، ذاتی حفظانِ صحت اور بہتر طرز زندگی کے اصولوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس آگاہی پروگرام کا مقصد مقامی افراد میں بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔طبی گشت کے دوران مقامی افراد نے فوج کی کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات دور دراز علاقوں میں انتہائی ضروری ہیں، جہاں حکومت کی رسائی محدود ہے۔ گاؤں کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فوجی نمائندوں سے روزمرہ مسائل اور فلاح و بہبود کے طریقوں پر رہنمائی حاصل کی۔مقامی عوام نے بھارتی فوج کے اس خلوص بھرے اقدام کو ’’جوان اور عوام کے درمیان مضبوط رشتے کا مظہر‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نہ صرف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ سماجی خدمت کے میدان میں بھی پیش پیش ہے۔