یو این آئی
سرینگر//پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے پیر اور منگل کی درمیانی شب بھی جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ دفاعی ذرائع نے کہا: ‘5 اور 6 مئی 2025 کی درمیانی شب پاکستانی فوج نے جموں و کشمیر میں کپوارہ، بارہمولہ، پونچھ، راجوری، مینڈھر، نوشہرہ، سندربنی اور اکھنور کے بالمقابل علاقوں میں ایل او سی کے پار بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ وہاں موجود جوانوں نے اس کا موثر و متناسب جواب دیا۔تاہم کسی جانب کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔یہ لگاتار بارہویں بار ہے کہ جب پاکستانی فوج کی طرف سے جموں وکشمیر کے سرحدوں کو نشانہ بنا یا گیا جس سے سرحدی بستیوں میں ایک بار پھر خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان 29 اپریل کو ہاٹ لائن پر بات چیت کے باوجود جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔