عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر بدھ کو مختلف ریاستوں میں ہونے والی سول ڈیفنس ماک ڈرل سے پہلے منگل کو یہاں مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن نے ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کے ساتھ میٹنگ کی اور 244 سول ڈیفنس ڈسٹرکٹ میں مشق کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ میٹنگ صبح ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نارتھ بلاک میں ہوئی جس میں مرکزی داخلہ سکریٹری کے ساتھ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے ڈائریکٹر جنرل سمیت کئی سینئر افسران نے شرکت کی۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شامل ہوئے۔
میٹنگ میں چیف سیکرٹریز سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام ضلعی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کریں اور ماک ڈرل کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔ چیف سیکرٹریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کل 244 میں سے 100 حساس ترین اضلاع پر خصوصی توجہ دیں۔ ان میں دہلی اور ممبئی جیسے میٹروپولیٹن شہر کے ساتھ ساتھ پرہجوم علاقے اور جوہری اور فوجی تنصیبات والے علاقے بھی شامل ہیں۔ یہ مال ڈرل خاص طور پر پنجاب، جموں و کشمیر، راجستھان، مغربی بنگال، شمال مشرقی ریاستوں اور دیگر سرحدی علاقوں میں کی جائیں گی۔
پاکستان کے ساتھ 1971 کی جنگ کے بعد پہلی بار ملک میں اتنے بڑے پیمانے پر ماک ڈرل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد کسی بھی حملے کی صورت میں لوگوں کی حفاظت اور بچاؤ کی تیاریوں کو مضبوط بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے لوگوں کو تیار کرنا ہے۔ حملے کے دوران سائرن بجنے اور بلیک آؤٹ کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر لے جانے کے لیے دیگر مشقیں بھی کی جائیں گی۔ اس دوران حملے کے دوران اہم تنصیبات کو کسی نہ کسی طرح ڈھانپنے جیسی مشقیں بھی کی جائیں گی تاکہ دشمن کو الجھایا جا سکے۔
مرکزی داخلہ سکریٹری نے 244 سول ڈیفنس اضلاع میں ماک ڈرل کی تیاریوں پر میٹنگ کی
