حسین محتشم
پونچھ//جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈر اور ایم ایل اے حویلی پونچھ اعجاز احمد جان نے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے پیدا ہوئے حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر جنگ ٹل جاتی ہے تو بہتر ہے کیونکہ جنگ سے کسی کا کوئی فائدہ نہیں ہے اس لئے وہ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بات چیت سے مسائل کا حل تلاش کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر جنگ ہو جاتی ہے تو ہم ہند فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے حکومت سے بچوں اور خواتین اور بزرگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے کڑے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے نچلی سطح کے کئی مسائل جن میں ڈاکٹروں اور ایمبولینسوں کی کمی شامل ہے کو پورا کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے سرحدی علاقوں کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حالات جنگ جیسے ماحول سے ملتے جلتے ہیںتاہم سرحدوں کی عوام ایک سپاہی کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ موجودہ مسائل کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت ہند اس طرح کے کورس پر غور کر رہی ہے، تو اسے مکمل طور پر تیار ہونا چاہیے۔انہوں نے طبی دیکھ بھال، خوراک، پانی، اور محفوظ پناہ گاہوں جیسے بنکرز کے انتظامات پر زور دیا۔ انہوں نے خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لئے ہنگامی منصوبے بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ جان نے کہاکہ دونوں ممالک کو، جوہری طاقت ہونے کے ناطے، اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کی پوری ذمہ داری قبول کرنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کشیدگی اس حد تک نہ بڑھے جہاں معصوم جانوں کو خطرہ لاحق ہو۔ انہوں نے پونچھ کے لوگوں کی غیر متزلزل حمایت کو تسلیم کیا، جو ہمیشہ ہندوستانی فوج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور قومی ضرورت کے وقت بے لوث تعاون کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر زور دیا کہ وہ متعلقہ ریاستوں اور ان کے پولیس محکموں کو فعال اقدامات کرنے کی ہدایت دے کر ملک بھر میں بچوں، مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بلاک پونچھ، ننگالی صاحب، منڈی، ساتھرا، اور لورن کے لئے خصوصی کمیٹیوں کے قیام کا اعلان کیا۔یہ کمیٹیاں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام اور سیکورٹی فورسز کی مدد کریں گی اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھیں گی۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلعی صدر باغ حسین راٹھور، ضلع سیکریٹری سید عنایت بخاری،بلاک صدر ننگالی صاحب سائیں بابا محمد اسحاق، سینئر لیڈرشہزاد خان، پیر نثار صاحب، ابوبکر، احد بھٹ منڈی، ہرچرن سنگھ خالصہ، نریش کمار، چوہدریمحمد شفیع سلونیا، چوہدری محمد اکبر بگیالدرہ، قاضی جاوید سرپنچ جھلاس، پرویندر سنگھ سابق کونسلر، حاجی نجاب دین ڈار، غلام حسین بھٹی، عبدالجبار، محمد افضل خان۔ عبدالرزاق، معشوق خان، اجمل خان، شوکت خان جھلاس، جعفر حسین، محمد اسلم ملک آرائی، محمد فاروق آڑائی، مختار راٹھور، راجو ٹھاکر، چوہدری شبیر سرپنچ گلی پنڈی، ایڈووکیٹ محمد شبیر، جہانگیر ساگر، مولوی حفیظ_ بشیر میر، محمد صدیق قریشی، حافظ یونس قصبہ، شمیم ڈار، نریندر سنگھ تلوار، محمد بشیر میر، عبدالرشید شاہپوری، منظور مہر، محمد ضعیف، محمد ضیغم اور عبدالقوی موجود رہے۔