عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں ایک 34سالہ بکروال چرواہا اس وقت شدید زخمی ہوگیا جب وہ موسمی ہجرت کے دوران پہاڑی سے نیچے گر پڑا۔ذرائع کے مطابق زخمی کی شناخت محمد صفیر ولد عبدالعزیز سکنہ نوشہرہ کے طور پر ہوئی ہے، جو اپنے مویشیوں کو چرا کر نوشہرہ سے گریز کی جانب موسمی ہجرت پر تھا۔یہ افسوسناک واقعہ سوجیاں علاقے کی جامعہ گلی میں پیش آیا، جہاں محمد صفیر مویشی چرا رہا تھا کہ اچانک وہ ایک بلند پہاڑی سے نیچے جا گرا۔ اس حادثے میں اْسے شدید چوٹیں آئیں اور اْس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے محمد صفیر کو ابتدائی طبی امداد کے لئے قریبی طبی مرکز منتقل کیا، جہاں سے اْسے بہتر علاج کے لئے ضلعی اسپتال پونچھ ریفر کیا گیا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ محمد صفیر کی حالت نازک ہے اور اْس کا علاج جاری ہے۔ مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چرواہوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔موسمی ہجرت کے دوران چرواہوں کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ حادثہ اْن ہی خطرات کی ایک مثال ہے۔ علاقے میں لوگ حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ بکروال برادری کی سلامتی اور سہولیات کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔