یو این آئی
یروشلم// اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں اپنے حملے تیز کرنے کے لیے ہزاروں ریزرو فوجیوں کو آنے کا حکم جاری کرنا شروع کر دیا ہے ۔ ایک سینئر دفاعی اہلکار نے کہا کہ اس نے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حماس پر دباؤ بڑھانے کا عزم کیا ہے ۔اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہیڈ کوارٹر کے سربراہ آیال ضمیر نے اس قدم کا اعلان میرین کمانڈو بیس کے دورے کے دوران کیا۔ضمیر نے کہا ‘‘اس ہفتے ہم اپنے ریزرو فوجیوں کو غزہ کارروائیوں کو تیز کرنے اور اس میں توسیع کے لئے ہزاروں کی تعداد میں واپسی کا حکم جاری کررہے ہیں ۔فوج نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اعلان اس ہفتے کے آخر کے بعد کیا گیا ہے جب اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں 100 سے زائد مقامات پر حملے شروع کیے ۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے ، تازہ حملوں میں مزید 24 فلسطینیوں کو ہلاک کردیا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عمارت کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے آئے ریسکیو ورکرز پر اسرائیلی کواڈ کاپٹر سے حملہ کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق غزہ میں امداد کی بندش سے غذائی بحران شدت اختیار کرگیا ہے ، فاقہ کشی سے 3 لاکھ کے قریب بچے موت کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔رپورٹس کے مطابق بے بی فارمولا دودھ اور دیگر غذائیت نہ ملنے سے ساڑھے 3 ہزار سے زائد شیر خوار بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی کواڈ کاپٹر سے ریسکیو ورکرز پر فائرنگ کے سبب پچیس افراد کو ملبے سے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع نہ کی جاسکیں۔رپورٹس کے مطابق دواؤں اور خوراک سمیت 9 ہفتوں سے غزہ میں ہر طرح کے سامان کا داخلہ بند ہے اور بھوک و پیاس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
سرنگ میں دھماکہ | 2 اسرائیلی فوجی ہلاک
یو این آئی
غزہ// اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ روز غزہ میں 2 فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں ہفتے کے روز ایک سرنگ کے دہانے پر زور دار دھماکہ ہوا تھا، جس کے باعث ایک کیپٹن سمیت دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔اسرائیلی فوج کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مرنے والے اہلکار فوج کے ایلیٹ ‘یہالوم’ انجینیئرنگ یونٹ سے تعلق رکھتے تھے اور گولانی بریگیڈ کے ماتحت ڈیوٹی انجام دے رہے تھے ۔اسرائیلی فوج کا بتایا ہے کہ اہلکار ایک عمارت کے اندر سرنگ کے داخلی راستے کو چیک کررہے تھے کہ دھماکہ ہوگیا، جس کے باعث دو فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران مرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد اب بڑھ کر 416 ہو گئی ہے ۔