عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ وشاہراہیں نتن گڈکری نے کل تلنگانہ کے شمس آباد کے قریب شانتی ونم میں ہارٹ فلنیس اینڈ پے پال بائیوچار سنٹر آف ایکسیلنس کا افتتاح کیا۔بائیوچار ایک کوئلہ سے مشابہ کاربن سے بھرپور مادہ ہے ، جو زرعی اراضی کی زرخیزی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے ۔اس موقع پر گڈکری نے کہا کہ چھوٹے کاروبار، دیہی صنعت کار اور کسان ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور یہ منفرد پہل ان صنعتکاروں اور کسانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر جدید زرعی ٹکنالوجی اور کھیتی کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی کی مدد سے بہتر پیداوار، کسانوں کو زیادہ آمدنی اور دیہی علاقوں میں چھوٹے صنعت کاروں کے لئے معاشی مواقع پیدا کئے جانے چاہئیں۔