عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //فوج کی طرف سے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم رکھنے اور دور دراز علاقوں میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے مستندھارا (پونچھ) اور تھنہ منڈی (راجوری) میں ’خواتین کے معاشرتی کردار‘ پر لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔اس لیکچر کا مقصد مقامی لوگوں، خاص طور پر نوجوانوں اور طلباء کو خواتین کے اہم سماجی کردار سے آگاہ کرنا تھا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین ماں، معلم، قائد اور مختلف شعبوں میں پیشہ ور کی حیثیت سے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔فوج کے نمائندے نے طالبات کی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’خواتین کی تعلیم ہی دراصل معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے۔ اگر ایک خاتون تعلیم یافتہ ہو، تو پورا خاندان ترقی کرتا ہے‘۔لیکچر میں بتایا گیا کہ بھارت کی کل آبادی میں خواتین کا حصہ 48 فیصد ہے اور آج خواتین زندگی کے ہر میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔اس پروگرام میں مستندھارا میں 67 افراد نے شرکت کی جن میں 15 خواتین، 5 مرد حضرات اور 10 بچے شامل تھے، جبکہ تھنہ منڈی میں 37 خواتین نے شرکت کی۔اس موقع پر مقامی عوام نے بھارتی فوج کی اس پہل کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ ایسے پروگرام دور دراز علاقوں میں بیداری پھیلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جہاں سول انتظامیہ کی رسائی محدود ہے۔یہ اقدام نہ صرف عوام میں شعور بیدار کرے گا بلکہ بھارتی فوج اور مقامی آبادی کے درمیان اعتماد اور رشتے کو مزید مضبوط کرے گا۔ فوج کی یہ کوشش “قوم کی خدمت” کے جذبے کی ایک بہترین مثال کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔