عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت کے اعلیٰ افسران نے سرمائی دارالحکومت جموں میں 6 ماہ کے وقفے کے بعد پیر کو سرینگر کے سول سیکرٹریٹ سے دوبارہ کام شروع کیا۔وزیر اعلیٰ کے دفتر نے عمر عبداللہ کے حوالے سے X پر ایک پوسٹ میں کہا “آج، میں نے سرینگر کے سول سیکرٹریٹ میں چھ ماہ کے بعد دوبارہ دفتر شروع کیا، اب توجہ واضح ہے ،کارروائی، جوابدہی، اور گڈ گورننس اور ترقی کے ذریعے ہر فرد تک پہنچنا، آئیے ان چھ مہینوں کو شمار کریں۔”جب کہ لیفٹیننٹ گورنر، وزراء اور انتظامی سکریٹریز بشمول اعلیٰ افسران مئی سے نومبر کے شروع تک موسم گرما کے دارالحکومت میں اور باقی ماندہ جموں میں ،دونوں دفاتر سال بھر کام کرتے رہتے ہیں۔قبل ازیں، حکومت اور سول سیکرٹریٹ کا پورا عملہ ہر چھ ماہ بعد سری نگر اور جموں کے درمیان قبل از آزادی پریکٹس کے تحت منتقل ہوتے تھے جسے دربار موو کہا جاتا ہے ، جو مہاراجہ رنبیر سنگھ نے 1872 میں شروع کیا تھا۔اگست 2019 میں جموں و کشمیر کی دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تنظیم نو کے بعد اس عمل کو ترک کر دیا گیا ۔